ممبئی، 10؍دسمبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)’دنگل‘ فلم سے مشہور ہوئی اداکارہ زائرہ وسیم نے الزام لگایا کہ دہلی ممبئی ہوائی جہاز میں ان کے ساتھ سفر کر رہے شخص نے ان کے ساتھ زیادتی کی ۔ اداکارہ نے ایک لائیو ویڈیو کے ذریعے انسٹاگرام پر اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں معلومات دی۔ زائرہ وسیم نے کہا کہ وہ دہلی سے ممبئی جانے والے ایئر وستارا کے طیارے میں سفر کر رہی تھیں تبھی ان کے پیچھے بیٹھے شخص نے اپنے پاؤں ان کی کمر پر رگڑے۔انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں آج دہلی سے ممبئی جا رہے طیارے میں سفر کر رہی تھی اور میرے پیچھے درمیانی عمر کا ایک شخص بیٹھا تھا جس نے دو گھنٹے کی میری سفر کو تکلیف دہ بنا دیا۔زائرہ وسیم کے مطابق وہ شخص میرے کندھوں کو کہنی مار رہا تھا اور مسلسل اپنے پاؤں میری کمر پر رگڑ رہا تھا۔ طیارے سے اترنے کے فورا بعد ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں زائرہ کئی بار اشک بار بھی ہوگئی ۔ اداکارہ نے کہا کہ یہ ٹھیک نہیں ہے، میں پریشان ہوں۔ کس طرح لڑکیوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔ زائرہ وسیم نے کہا کہ اگر ہم خود اپنی مدد نہیں کریں گے تو کوئی بھی ہماری مدد نہیں کرے گا۔ یہ سب سے خراب بات ہے۔ وستارا ایئر لائن نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ وہ اس شکایت پر غور کر ے گا ۔ اس نے کہا کہ ایسے معاملات کے تحت زیرو ٹلریس کی پالیسی ہے۔ایئر لائن نے کہا کہ ہم نے گزشتہ رات طیارے میں ایک اور مسافر کے ساتھ زائرہ وسیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ جیسا واقعہ دیکھا ہے ۔ہم اس کی تفصیلی انکوائری کرا رہے ہیں اور ہم ہر طریقے سے زائرہ وسیم کی حمایت کریں گے۔ ایسے معاملات کو قطعی برداشت نہیں کیے جا سکتے ۔